منگلورو9/جنوری (ایس او نیوز) منگلوروانٹرنیشنل ایئر پورٹ پر 6اور7جنوری کو پیش آئے تین مختلف معاملات میں غیر قانونی طور پر ملک میں سونا اسمگلنگ کی کوشش کرنے والوں کے پاس سے کسٹمز نے1.575کلو گرام سونا ضبط کیا ہے۔جس کی مالیت 63 لاکھ 73ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
پہلا معاملہ6جنوری کو پیش آیا تھا جس میں دبئی سے ایئر انڈیا فلائٹ کے ذریعے منگلورو پہنچنے والے ایک مسافر کے پاس سے 336.7گرام سونا برآمدکیا گیا جسے اس نے اپنے جوتوں کے موزو ں کے اندر چھپا رکھا تھا۔ضبط کیے گئے اس سونے کی مالیت 13.43لاکھ روپے ہے۔ اسی طرح 7جنوری کو دبئی سے ہی ایئر انڈیا فلائٹ کے ذریعے آنے والے دو مسافروں کے پاس بھی غیر قانونی سونا پایا گیا۔اس میں ایک مسافر کے پاس پیسٹ کی شکل میں 523گرام سونا برآمد ہوا جس کی مالیت 21.24لاکھ روپے ہے۔ اوردوسرے مسافر کے پاس 716گرام سونا موجود تھا جس کی مالیت 29.06لاکھ روپے ہے۔
کسٹمز نے تینوں مسافروں کو گرفتار کرنے کے بعد مزید کارروائی کے لئے پولیس کے حوالے کردیا۔